اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک عظیم تعلیمی ادارہ ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

جمعرات 9 اکتوبر 2025 18:06

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک عظیم تعلیمی ادارہ ہے جو خطے میں علم و ہنر کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں جدت طرازی اور سائنس و تحقیق پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ آج کی ترقی سائنس و ٹیکنالوجی سے منسلک ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پر مبنی نمائشوں کو ایک مستقل ایونٹ کے طور پر منظم کیا جائے تاکہ سائنسی ایجادات میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی ہو اور انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے۔

(جاری ہے)

مزید برآں آئی ٹی نمائشوں میں پرائیویٹ سیکٹر صنعتکاروں اور ساؤتھ پنجاب کے چیمبرز کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی گرانٹ میں اضافے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی جامعہ ہونے کے ناطے خطے کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

جامعہ میں اکیڈمک ایکسیلینس اور کوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ تمام تعلیمی پروگراموں کو مصنوعی ذہانت کی جہتوں سے مربوط کیا جا رہا ہے جیسا کہ کلائمیٹ چینج اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا نیا بی ایس پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔محققین کو ملکی ترجیحات اور عام آدمی کے فائدے کے لیے تحقیق کی جانب راغب کرنے کے لیے ریسرچ ایوارڈز کا آغاز کیا گیا ہے۔

تحقیقی منصوبوں خاص طور پر زرعی اور صنعتی تحقیق میں تعاون کے لئے حکومتی اور نجی اداروں سے روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وائس چانسلر نے موقع پر یونیورسٹی میں جاری مختلف پراجیکٹس پر بریفنگ دی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کی آئندہ پراجیکٹس نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔