مصنوعی ذہانت کرکٹ کے میدان تک پہنچ گئی، گوگل جیمنائی اب پچ رپورٹ پیش کرنے لگا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:01

مصنوعی ذہانت کرکٹ کے میدان تک پہنچ گئی، گوگل جیمنائی اب پچ رپورٹ پیش ..
وشاکاپٹنم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) مصنوعی ذہانت کا استعمال کرکٹ کے میدان تک بھی پہنچ گیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پِچ رپورٹ کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع کردیا۔آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے 10 ویں میچ سے قبل بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان متھالی راج پِچ رپورٹ پیش کرنے کیلئے آئیں تو انہوں نے کہا کہ پِچ رپورٹ کے لیے ان کے ساتھ گوگل جیمنائی بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

متھالی نے اپنے فون پر جیمنائی کے لائیو فیچر کو استعمال کرتے ہوئے کیمرے کے ذریعے پِچ کو دکھایا اور جیمنائی سے کہا کہ ہم ایک ون ڈے میچ کے لیے اے سی اے وی ڈی سی اے اسٹیڈیم وشاکا پٹنم میں موجود ہیں، اس وقت یہاں کا موسم گرم اور مرطوب ہے، تم اس پِچ کے بارے میں کیا کہتے ہو گوگل جیمنائی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے یہ پِچ بیٹرز کے لیے موزوں رہے گی، پِچ ہموار اور سیدھی ہے اور اس پر زیادہ گھاس بھی نہیں ہے، گرم اور مرطوب موسم کا مطلب ہے کہ بال بہت زیادہ سوئنگ نہیں ہوگا اور ممکن ہے کہ ایک ہائی اسکورنگ میچ دیکھنے کو مًلے۔اس کے بعد متھالی نے اپنے تجزیے میں بھی کہا کہ یقینی طور پر یہ بیٹنگ کے لیے ایک اچھی پِچ ہے اور ایک ہائی اسکورنگ میچ ہوسکتا ہے۔