ریلوے فٹبال ٹیم کی شاندار کارکردگی، ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ٹیم سے ملاقات اور شاباش

جمعرات 9 اکتوبر 2025 22:09

ریلوے فٹبال ٹیم کی شاندار کارکردگی، ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ٹیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے آل پاکستان چیف منسٹر فٹبال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر ریلوے لاہور ڈویژن فٹبال ٹیم سے ملاقات کی اور ٹیم کو عمدہ کھیل پیش کرنے پر شاباش دی۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر غلام مرتضی بھی موجود تھے۔ آل پاکستان چیف منسٹر فٹبال ٹورنامنٹ لیہ میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔

پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کی ٹیم نے بھرپور جذبے کے ساتھ 4 میچز کھیلے اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔ فائنل میچ ریلوے لاہور ڈویژن اور لیہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جو مقررہ وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ پینلٹی ککس کے نتیجے میں لیہ کی ٹیم نے پہلی جبکہ ریلوے لاہور ڈویژن نے دوسری پوزیشن حاصل کی، ٹیم کی قیادت کپتان عابد امین نے کی۔

(جاری ہے)

میچز کے دوران لیہ کے شائقین نے شاندار فٹبال کا مظاہرہ دیکھ کر پاکستان ریلوے زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیموں کو فیفا پنجاب کے صدر نوید اسلم نے ٹرافیاں پیش کیں۔ڈی ایس ریلوے نے ٹیم کو ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کھیلوں کی نرسری ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے کھلاڑیوں نے ہمیشہ ملک و ریلوے کا نام روشن کیا ہے۔ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔