جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی،خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیر تعمیر جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا دورہ کر کے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر صحت کو ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ کے افسران و کنٹریکٹرز نے جاری پیش رفت بارے بریفنگ دی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب لاہور میں تقریبا9 ارب روپے کی خطیر رقم سے اسٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے،اس ادارے میں مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پر تیزی سے کام جاری ہے،اس کارڈیالوجی ہسپتال کو بروقت مکمل کروائیں گے،جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور سے پنجاب کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ حکومت پنجاب امراض قلب میں مبتلا مریضوں کیلئے علاج و معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کرنے اور گھرکی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، اس کارڈیالوجی ہسپتال میں آنے والے مریضوں کوبہترین سرجنز، آپریشن تھیٹرز، علاج ومعالجہ اور ادویات کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔