پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت

جمعہ 10 اکتوبر 2025 13:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی طور پر پلائیں تاکہ ضلع سوات کو پولیو فری بنانے کے ہدف کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سوات کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نےجمعہ کےروزبچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلاکر انسدادپولیو مہم کے افتتاح کے موقع پرمنعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ضلع سوات میں پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم 13اگتوبر سےشروع ہوگی جوکہ 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ سوات، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کے سپلیمنٹ دیں گی۔

انسدادپولیو مہم کے مؤثر انعقاد کے لیے ضلعی اور یونین کونسل سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کی گئ ہیں ۔ڈپٹی کمشنر سوات نے والدین، علمائے کرام، عمائدین اور مقامی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو کامیاب بنائیں۔

متعلقہ عنوان :