Live Updates

وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے قبل پی ٹی آئی ارکان کو آزاد قرار دینے کا مطلب الیکشن کمیشن جعلی حکمرانوں کی بی ٹیم ہے

الیکشن کمیشن اورجعلی حکومت کا وزیراعلیٰ انتخاب میں رکاوٹیں ڈالنا شرمناک عمل ہے، سہیل آفریدی تعلیم یافتہ باصلاحیت نوجوان ہے، اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:15

وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے قبل پی ٹی آئی ارکان کو آزاد قرار دینے کا مطلب ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 اکتوبر 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے قبل پی ٹی آئی ایم پی ایز کو آزاد قرار دینے کا مطلب الیکشن کمیشن جعلی حکمرانوں کی بی ٹیم ہے، الیکشن کمیشن اورجعلی حکومت کا وزیراعلیٰ انتخاب میں رکاوٹیں ڈالنا شرمناک عمل ہے۔ انہوں ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 47 کی جعلی حکومت کو فراہم کی جانے والی سہولت کاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے چند دن قبل پی ٹی آئی کے اراکین کو ’’آزاد‘‘ قرار دینے کا اقدام اس امر کا ثبوت ہے کہ الیکشن کمیشن جعلی حکمرانوں کی ’’بی ٹیم‘‘ کے طور پر کام کر رہا ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہے، جسے صوبے کے عوام نے دو تہائی اکثریت سے منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا، سہیل آفریدی، مڈل کلاس پس منظر سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ہے۔

الیکشن کمیشن اور فارم 47 کی جعلی حکومت کی جانب سے ان کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش نہایت افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔ان اوچھے ہتھکنڈوں کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پی ٹی آئی مرکزی سینئر رہنما، تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر ، پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر خان، سیکریٹری جنرل علی اصغر خان، اور اراکینِ قومی اسمبلی، عاطف خان اور شہرام خان ترکئی نے شرکت کی۔

مزید برآں عمران خان کے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف وفاقی وزراء اور مخصوص ٹولے کے پروپیگنڈا اور کردار کشی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔سہیل آفریدی مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے ایک ایم فل اسکالر ہیں جنہوں نے پشاور یونیورسٹی جیسے ممتاز تعلیمی ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے۔وہ ملکی سیاست میں کوئی نومولود نہیں، بلکہ انہوں نے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے اپنی عملی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا اور بلدیاتی انتخابات سے انتخابی سیاست میں قدم رکھا۔

انہوں نے بطور صوبائی وزیر بھی ذمہ داریاں نبھائیں اور حکومتی امور کو قریب سے دیکھا ہے۔انشاءاللہ پارٹی کی سینئر قیادت کی رہنمائی اور تعاون انہیں ہمیشہ حاصل رہے گا، اور عمران خان کی قیادت میں وہ خیبر پختونخوا کو موجودہ بحران سے نکالنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ہم جعلی فارم 47 حکومت کے ہر اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور عمران خان کے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ کو منتخب کروائیں گے، انشاءاللہ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات