موٹربائیک ریسکیوسروس نے آٹھ سالوں میں 3.8ملین سے زائد ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کیا، ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) موٹر بائیک ریسکیو سروس کے آٹھ سال مکمل ہونے پر ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر تھے۔ تقریب میں ریسکیو ہیڈکوارٹرز کے سنیئر افسران اورڈویژنل ایمرجنسی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لاہورشاہد وحید قمراورکثیر تعداد میں ریسکیورز نے شرکت کی۔

موٹر بائیک ریسکیوسروس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب بھر کے ضلعی افسران،موٹر بائیک ریسکیوسروس کے سٹاف و ریسکیورز کو موٹر بائیک ریسکیو سروس کے آٹھ سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے موٹر بائیک ریسکیوسروس کے سٹاف کی خدمات کو سراہا جنہوں نے تنگ گلیوں،زیادہ ٹریفک والے علاقوں میں روڈ ٹریفک حادثات اور میڈیکل ایمرجنسیز میں 3.8 ملین سے حادثات پر بروقت ریسپانڈ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ موٹربائیک ریسکیو سروس کی بدولت تنگ گلیوں،زیادہ ٹریفک والے علاقوں میں روڈ ٹریفک حادثات اور میڈیکل ایمرجنسیز میں ریسپانس ٹائم بہتر ہوا ہے، موٹر بائیک ریسکیوسروس نے اپنے مستعد ریسپانس کی وجہ سے شہر وں میں حادثات کے بڑھتے ہوئے چیلنجز میں لوگوں کو بروقت سروس فراہم کر کے حادثے کا شکار لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کیا ہے۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے مزید کہا کہ موٹر بائیک فرسٹ ریسپانڈرز کی وجہ سے ریسکیو1122کی آپریشنل استعداد کار میں واضح اضافہ ہوا ہے، موٹر بائیک ریسکیو سروس تربیت یافتہ میڈیکل سٹاف کے ساتھ جدید آلات بشمول،بلڈ پریشر مانیٹر، لائف سیونگ میڈیسن،گلوکو میٹر، پلس آکسیمیٹر، پورٹ ایبل آکسیجن سلنڈر، سروائیکل کالر، ائروے و برن کٹ، ٹرامہ کٹ، سپلنٹس، نیبولائزراورآٹومیٹیڈ ایکسٹرنل ڈیفیبرلیٹر کے ساتھ پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطا3500 ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122کی پیشہ وارانہ تربیت کی بدولت موٹر بائیک سٹاف روزانہ کی بنیاد پر 35فیصد حادثات کو جائے حادثہ پر ہی ڈیل کر لیتا ہے جس کی بدولت ہسپتالوں پر بھی ایمرجنسی کے مریضوں کا بوجھ کم ہوا ہے،مزید برآں ریسکیو 1122اپنے وسائل کوموثر طریقے سے برے کا ر لاتے ہوئے اپنے جامع ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم کی بدولت اورجائے حادثہ پر بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی کی وجہ سے زندگی کی بقا کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے حادثے کے شکار لوگوں کو پنجاب بھر میں احساس تحفظ حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موٹر بائیک ریسکیو سروس نے اپنے قیام سے اب تک1,206,394 روڈ ٹریفک حادثات، 2,215,200میڈیکل ایمرجنسیز، 39,460 سے زیادہ آگ لگنے کے واقعات، 68,202 جرائم کے واقعات اور 321,946 متفرق ایمرجینسیزپر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔ تقریب کے آخر میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے بہترین کارکردگی کے حامل موٹربائیک ریسکیوسروس سٹاف میں انعامات وتعریفی اسناد تقسیم کیں۔