ذہنی بیماریوں کاموزوں علاج کروانے کیلئے آگاہی ضروری ہے،پروفیسر ڈاکٹر محمد علی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کابھی خیال رکھناچاہیے،ذہنی بیماریوں کاموزوں علاج کروانے کیلئے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سینٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کے زیر اہتمام ذہنی صحت سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں نکالی گئی واک کی قیادت کررہے تھے۔

سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی سے وائس چانسلر آفس تک نکالی گئی واک میں انچارج ڈاکٹر حمیرا ناز، فیکلٹی ممبران اور طلباطالبات نے بھرپورشرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ معاشی تنگی، گھریلوجھگڑے، سیلاب و دیگر عوامل ذہینی بیماریوں میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں جس کے تدارک کے لئے آگاہی پروگرام پر سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کا اقدام قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کزن میرج سے پہلے ٹیسٹ کروانے میں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ نفسیاتی مدد لینا کمزوری نہیں بلکہ طاقت کی علامت ہے۔ڈاکٹر حمیرا ناز نے وائس چانسلر اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت سے متعلق آگاہی مہم کے دوران پنجاب یونیورسٹی کے 10 مختلف مقامات پر کیمپ لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ ان کیمپوں کا مقصد ذہنی صحت بارے شعور اجاگر کرنا اور کمیونٹی کے افراد کوتعلیم اور ابتدائی اسکریننگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں طلبہ نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ تربیت اور کمیونٹی آوٹ ریچ کے تحت کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران یونیورسٹی کے طلباطالبات، اساتذہ اور عوام کو ذہنی دباسے نمٹنے، جذباتی توازن قائم رکھنے اور روزمرہ کے چیلنجزکا سامنا کرنے کی حکمت عملیوں بارے بتایا گیا۔اس موقع پر شرکا کی جانب سے سینٹرفار کلینیکل سائیکالوجی کی کاوشوں کو سراہا گیا اور ایسے اقدامات کو ایک ذہنی طورپر صحت مند اور باخبر معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر قرار دیا۔واک کے شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ذہنی صحت کی اہمیت، خود آگاہی اور نفسیاتی بیماریوں کو ختم کرنے کے پیغامات درج تھے۔