کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل کمیٹی برائے زیادہ گندم اگاؤ مہم 2025 کا اجلاس

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:20

بہاولپور 10 اکتوبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل کمیٹی برائے زیادہ گندم اگاؤ مہم 2025 کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان، ڈائریکٹر ایگریکلچر، کاشتکار نمائندگان، محکمہ انہار اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں امسال 26 لاکھ 83 ہزار ایکڑ پر گندم کی فصل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،اس ٹارگٹ کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے، محکمہ زراعت اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں فیلڈ میں کاشتکاروں کی دہلیز پر پہنچ کر معاونت و رہنمائی فراہم کریں،محکمہ آبپاشی بغیر وارہ بندی کے ٹیل تک پانی کی رسائی کو یقینی بنائے تاکہ گندم کی کاشت بروقت کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے زیادہ گندم اگانے پر زبردست سہولیات کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے گندم کی فصل 3500 روپے فی من خریدنے کے لیے حکومت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر میں معاہدہ ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان بھی جلد کریں گی،گندم کے تصدیق شدہ بیج کی قیمت 6500 روپے سے فی تھیلا سے کم کر کے 5500 روپے فی 50 کلو تھیلا کر دی گئی ہے،کاشتکار اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منظور شدہ بیج کی اقسام کاشت کریں اور زیادہ پیداوار حاصل کریں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں ایک لاکھ 13 ہزار کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں اور گندم کی کاشت کے لیے کاشتکاروں کو تین لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض مہیا کیا جائے گا جس سے کاشتکار کار ضروری مداخل خرید کر سکیں گے۔ گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے پر کاشکاروں کے لیے حکومت پنجاب کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کرے گی جس میں صوبائی سطح پر اور ضلع سطح پر انعامات دیے جائیں گے۔

کمشنر بہاولپور نے کہا کہ کاشتکار کی معاونت کی جائے تاکہ گندم کی بجائی کا عمل ہر حال میں 30 نومبر تک مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے ریونیو اور ایگریکلچر کی ٹیم کو ہدایت جاری کی کہ کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے رو شناس کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد، بیج کی قیمتیں اور معیار کو سختی سے چیک کیا جائے اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے زرعی شعبہ کے لیے فراہم کی گئی سہولیات اور سکیموں کے بارے میں کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے۔