انصاف میں تاخیر بے انصافی کے مترادف ہے ،گورنر بلوچستان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ انصاف میں تاخیر بے انصافی کے مترادف ہے ، یہ وہ تلخ حقیقت ہے جس کا سامنا آج بھی بہت سارے سائلین کرتے ہیں، جب بھی انصاف میں تاخیر ہوتی ہے تو غریب و نادار سائلین کو دو مختلف بار نقصان اٹھانا پڑتا ہے ، پہلی مرتبہ خود جرم سے جبکہ دوسری دفعہ وہ سست روی اور تکلیف دہ قانونی عمل سے دو چار ہو جاتے ہیں ،لہٰذا ضروری ہے کہ سستا اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی محتسب کا ادارہ اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب میں درخواست دینے والے سائلین اور مختلف محکموں کے بارے میں شکایات کرنے والوں کی ہفتہ وار سماعت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے اپنی سروس ڈلیوری کو موثر بنانے، وسائل، میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں اور پروموشن اور ہر قسم کی بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کریں۔

گوڈ گورننس میں بروقت سماجی انصاف، انسانی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشرے کی عظیم اکثریت کی تمام سیاسی و معاشی سرگرمیوں میں شرکت و شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ گورنر جعفر خان مندوخیل نے مختلف محکموں اور اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنے دفتری معاملات میں بھی جائز شکایات کا ازالہ کیا کریں اور شکایت کنندگان کے حقوق واختیارات کی پاسداری کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ غریب لوگوں کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے ایک بہتر ادارہ ہے، خاص طور پر معاشرے کے وہ غریب و نادار لوگ جو وکیلوں کی بھاری فیس برداشت نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ گورنر ہاؤس کے شکایات سیل کے ذریعے کام کرنے والی کوائزی کورٹ ایک باقاعدہ عدالت کی طرح کام کرتی ہے جس کو قانونی اصطلاح میں کوائزی کورٹ (Quasi Court) بھی کہا جاتا ہے۔