گلگت میں پائیدار امن کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کمشنر

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) کمشنر گلگت ڈویژن توقیر حیدر کاظمی نے گلگت شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی رینج، ڈپٹی کمشنر گلگت، ونگ کمانڈر رینجرز، ایس ایس پی گلگت اور ونگ کمانڈر جی بی سکاؤٹس بھی موجود تھے۔

کمشنر گلگت ڈویژن نے شہر کے مختلف مقامات پر قائم چیک پوسٹوں کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ شہر میں داخل ہونے اور نکلنے والے راستوں پر مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔کمشنر توقیر حیدر کاظمی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت شہر میں پائیدار امن کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :