امریکا کے اسلحہ ساز کارخانے میں دھماکہ، متعدد ہلاک، 19 لاپتہ

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 10:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) امریکی ریاست ٹینیسی میں واقع اسلحہ ساز کارخانے میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 19 افراد لاپتہ ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق امریکی میڈیا پر نشر فضائی مناظر میں ہک مین کاؤنٹی کے علاقے بکسنورٹ میں واقع فیکٹری کی تباہ شدہ عمارت، جلی ہوئی گاڑیاں اور ملبے کے ڈھیر واضح نظر آئے۔

حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ملبے میں بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ہیمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے میڈیا کو بتایا کہ فی الحال ہم نے 19 افراد کی تلاش کی تصدیق کی ہے،ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن میں ابھی کوئی حتمی تعداد نہیں بتا سکتا۔دھماکہ ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز نامی کمپنی کے پلانٹ میں ہوا جو امریکی محکمہ دفاع اور صنعتی اداروں کے لیے ہائی ایکسپلوسیو مصنوعات تیار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی حکام نے علاقے میں مزید دھماکوں کے خدشے کے پیش نظر عوام کو وہاں جانے سے منع کیا ہے۔شیرف ڈیوس کے مطابق دھماکے سے پلانٹ کی پوری عمارت تباہ ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ میرے کیریئر کا سب سے تباہ کن منظر ہے، عمارت کا کچھ بھی باقی نہیں بچا، یہ مکمل طور پر مٹ چکی ہے، ملبہ آدھے مربع میل تک پھیل گیا اور دھماکے کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی۔

دھماکے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی۔ٹینیسی کے گورنر بل لی نے بتایا کہ وہ صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ریاستی ادارے، مقامی اور وفاقی حکام کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ہم تمام ٹینیسی شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا کریں۔