ایف آئی اے امیگریشن کی کوئٹہ ایئرپورٹ پر کارروائی، جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش پر مسافر آف لوڈ

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 13:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک مسافر کو حراست میں لے لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ہفتے کو ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک مسافر کو حراست میں لے لیاملزم کلیم کمال نامی مسافر ورک ویزے پر آذربائیجان جانے کی کوشش کر رہا تھا تاہم امیگریشن کانٹر پر دورانِ جانچ اس کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ پاسپورٹ کے ویزے والے صفحات ٹمپرڈ (تبدیل شدہ)تھے جبکہ مزید تلاشی پر پولینڈ کا جعلی ویزا اسٹیکر بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا تعلق کراچی سے ہے اور ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جعلی ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش میں ملوث تھا۔امیگریشن حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آف لوڈ کر کے گرفتار کیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ کے حوالے کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ جعلی سفری دستاویزات تیار کرنے اور فراہم کرنے والے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کو وسعت دی جا رہی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے امیگریشن غیر قانونی سفر، انسانی اسمگلنگ اور جعلی ویزوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :