یونیورسٹی آف تربت کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کاسولہواں اجلاس

مالی شفافیت اور آمدنی کے مختلف ذرائع کووسعت دینے پر زور

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:50

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف تربت کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا سولہواں اجلاس یونیورسٹی میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ یونیورسٹی کی پائیدار ترقی اور تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے موثر مالی نظم و نسق اور شفافیت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

کمیٹی نے مالی سال 2024-25 کے اصل بجٹ اور 2025-26 کے مجوزہ بجٹ کی منظوری دی۔جلاس میں یونیورسٹی کی میڈیکل پالیسی اور نظر ثانی شدہ فیس اسٹرکچر کے علاوہ یونیورسٹی کی سامنے والی زمین کو تجارتی مقاصد کے لیے مختص کرنے سے متعلق بھی غور و خوض کیاگیا تاکہ یونیورسٹی کے آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجزکے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور (TI)، رجسٹرار گنگزاربلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید،کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد اور شعبہ کامرس کے لیکچرر رحمت اللہ نے شرکت کی۔

جبکہ تربت یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد، شعبہ ایجوکیشن کی فیکلٹی ممبر رقیہ میروانی،محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان کے پبلک فنانس مینجمنٹ اسپیشلسٹ بشیر احمد، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے انچارج/ڈائریکٹر فنانس ثمینہ درانی اور محکمہ ہائر ایجوکیشن حکومت بلوچستان کے نمائندے نے آن لائن، جبکہ تربت یونیورسٹی کے پروجیکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر کمال احمد نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس نے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کی منظوری دی جو یونیورسٹی کے لئے ریونیو پیدا کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ وائس چانسلر نے حکومت بلوچستان کے محکمہ خزانہ کے نمائندے سے درخواست کی تیزی سے ابھرتی ہوئی اس یونیورسٹی کو مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ یونیورسٹی مالی بحران پر قابو پاسکے۔ محکمہ خزانہ کے نمائندے نے یونیورسٹی کے آپریشنل اخراجات کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔