یونیسکو نے پاکستان کی تجویز برائے انسدادِ غلط ، گمراہ کن معلومات اور نفرت انگیز تقاریر کو منظور کر لیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 01:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) یونیسکو نے غلط اور گمراہ کن معلومات اور نفرت انگیز تقاریر کے تدارک کے ذریعے اظہارِ رائے کی آزادی کے تحفظ اور ڈیجیٹل دور میں معلومات کی سچائی کو یقینی بنانے سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ تجویز کو منظور کر لیا ہے ۔پیرس میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ تجویز پاکستان کی مستقل مندوب برائے یونیسکو سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پیرس میں جاری یونیسکو کی ایگزیکٹو بورڈ کے 222ویں اجلاس میں پیش کی ۔

پاکستان کی اس تجویز کو مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے رکن ممالک کی وسیع حمایت حاصل ہوئی، جو ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور جامع معلوماتی ماحول کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو انسانی حقوق، جمہوری اقدار اور معلومات تک عالمی رسائی کے اصولوں پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

یونیسکو کی ایگزیکٹو بورڈ نے اس بات پر زور دیا کہ نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور نیورو ٹیکنالوجی کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہی ہیں۔ بورڈ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں، مصنوعی ذہانت سے تیار یا تبدیل شدہ مواد کی شناخت اور لیبلنگ کے نظام کو بہتر بنائیں اور تصدیقی اقدامات کو مزید مضبوط کریں۔\932