صاف پانی صحت مند معاشرے کی اولین ضرورت ہے،ندیم شاہ

جاپانی ا عزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کی پانی کے ماہر شوجی تاکاماتسو سے ملاقات

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے جاپانی کمپنی جاپان ٹیکنو کو کے سینئر ڈائریکٹر اور پانی کے ماہر شوجی تاکاماتسو نے ملاقات کی۔ملاقات میںباہمی دلچسپی کے امور سمیت پینے کے صاف پانی کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔ واضح رہے کہ شوجی تاکاماتسو مختلف ادوار میں بلوچستان ، سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے ساتھ مل کر پینے کے صاف پانی کے مختلف پراجیکٹ پر کام کر چکے ہیں۔

جاپان کے ا عزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ پانی قدرت کا انمول عطیہ اور جملہ مخلوقات کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے اس کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے، صاف پانی ایک صحت مند معاشرے کی اولین ضرورت ہے لہٰذاعوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اشدضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

سید ندیم عالم شاہ کا کہنا تھا کہ پانی کی بوند بوند قیمتی ہی نہیں بلکہ انمول بھی ہے لیکن عوام اس سے واقف نہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ ہر صبح پائپ لگاکر بے دریغ پانی استعمال کرتے ہوئے گاڑیاں دھوتے نظر آتے ہیں، کئی کئی دن پائپ لائنیں پھٹی رہتی ہیں اور پانی مسلسل ضائع ہوتا رہتا ہے لیکن کوئی پروا نہیں کرتا ،لوگ اپنے گھروں کے باہر بنے لان یا باغوں میں پانی کا پائپ موٹر لگا کر چھوڑ دیتے ہیں اور بھول جاتے ہیں اور پانی گھنٹوں تک ضائع ہوتا رہتا ہے اسی طرح اوور ہیڈ ٹینک فل بھر جاتا ہے اور بہتا رہتا ہے جبکہ گھروالوں دوسرے کاموں میں مصروف ہو کر پانی بند کرنا بھول جاتے ہیںلہٰذا اللہ کی عظیم نعمت پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے عوام میں شعور اُجاگر کیا جائے اور عوام بھی اللہ کی عظیم نعمت پانی کی قدر کریں ۔

پانی کے ماہر شوجی تاکاماتسو کا کہنا تھا کہ صاف پانی انسانی صحت ، تندرستی اور خوشحالی کیلئے ایک لازمی عنصر ہے چاہے وہ پینے ، صفائی ستھرائی ، کھانے کی پیداوار یا صنعتی پیداوار کیلئے استعمال ہو ، پانی کے وافر وسائل تک رسائی بنیادی انسانی ضرورت ہے، آلودہ پانی پینے سے جگر کے امراض، انتڑیوں کی تکالیف، دست، قے ، خون آنا اور آنکھوںسمیت بالوں کی مختلف بیماریاں کا بھی باعث بنتاہے لہٰذا شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔