اسرائیلی قیدیوں کی رہائی آج صبح شروع ہو گی، اعلی عہدیدار حماس

رہائی کے لیے مقرر فلسطینی قیدیوں کی فہرست پر ابھی مذاکرات جاری ہیں،اسامہ حمدان

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:00

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) حماس کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا ہے کہ غزہ میں موجود 48 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پیر کی صبح سے شروع ہو گی۔اسامہ حمدان نے ایک انٹرویو میں کہا، دستخط شدہ معاہدے کے مطابق قیدیوں کا تبادلہ پیر کی صبح سے شروع ہونا ہے اور اس معاملے میں کوئی نئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زمین پر موجود حماس کے ارکان نے تحریک کی قیادت کو قیدیوں کی حوالگی کی نقل و حرکت کے بارے میں ابھی مطلع نہیں کیا۔

حمدان نے کہا، رہائی کے لیے مقرر فلسطینی قیدیوں کی فہرست پر ابھی مذاکرات جاری ہیں۔عہدیدار نے کہا، حماس کے قیدی دفتر نے کہا ہے کہ ابھی اس عمل کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ اسرائیل بدستور بعض قیدیوں کی رہائی سے انکار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم مذاکراتی وفد ان کی رہائی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ حتمی فہرست ہفتے کی رات یا اتوار کی صبح تک تیار ہو جائے گی۔

حمدان نے مزید روشنی ڈالی کہ معاہدے کے تحت انسانی امداد کے لیے پانچ داخلی راستے کھولے جانے کی توقع ہے اور کہا کہ غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان رفح راہداری دونوں جانب کے افراد کے لیے اگلے بدھ سے دوبارہ کھل جائے گی۔اٹلی نے کہا کہ یورپی یونین کے مانیٹرنگ مشن کی نگرانی اور اٹلی، سپین اور فرانس کی پولیس کی موجودگی میں رفح راہداری منگل کو دوبارہ کھول دی جائے گی۔