جائیکا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہا ہے،مشیرسرمایہ کاری بورڈ

مشیر سرمایہ کاری بورڈ سیدفیروزعالم شاہ اور انجینئرفیضان شاہ کا جائیکا ہیڈ کواٹرٹوکیو کا دورہ

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستانی حکومت کے مشیرسرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سیدفیروز عالم شاہ اور انجینئر فیضان شاہ نے جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ہیڈ کواٹر ٹوکیو کا دورہ کیا۔اس موقع پر جائیکا حکام سے ملاقات کی۔اس دوران انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے جائیکا کے پاکستان میں جاری پراجیکٹس ، مستقبل میں شروع ہونے والے پراجیکٹ ، تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ثقافت ، عوامی روابط اور توانائی کے شعبوں میں وسعت دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیرسرمایہ کاری بورڈ سیدفیروز عالم شاہ نے گورنمنٹ آف جاپان کی جانب سے جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے زیر اہتمام پاکستان کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں بھرپور معاونت فراہم کر نے کیساتھ ساتھ معاشی استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کو گرانقدر مالی معاونت فراہم کرنے پرخصوصی شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکومت کے مشیرسرمایہ کاری بورڈ سیدفیروز عالم شاہ نے کہا کہ جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر ہے جو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تحت مختلف شعبوں میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہا ہے،پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں باہمی فائدے کیلئے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

سیدفیروز عالم شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور جاپانی کاروباری اداروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے جبکہ پاکستان کی آبادی بہت زیادہ ہے اور وہ تربیت یافتہ و پیشہ ورانہ افرادی قوت کے ذریعے جاپان کو انسانی وسائل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے سکتا ہے، پاکستان میں مقیم جاپانی آٹوموبائل کمپنیوں کو پاکستان سے اپنی مصنوعات برآمد کرنے کیلئے پیداوار میں اضافہ کرنا چاہیے۔