محمد طاہر خان کا لورالائی کا دورہ

شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ کا فخر ، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،آئی جی بلوچستان

اتوار 12 اکتوبر 2025 17:00

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے لورالائی کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ، ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان، ایس پی بارکھان سعد آفریدی، ایس پی دٴْکی سید زاہد حسین شاہ اور دیگر افسران نے کیا۔دورے کے دوران آئی جی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

انہوں نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ کا فخر ہیں۔انہوں نے تھانہ سٹی اشرف شہید، پولیس لائن، اور ایس پی آفس کا معائنہ کیا،حوالات میں بند قیدیوں سے ملاقات کی اور پولیس اہلکاروں سے دربار میں خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہداء کے لواحقین اور جوانوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

امن و امان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اور خفیہ نیٹ ورک کو مؤثر بنایا جائے تاکہ امن دشمن عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو جدید تربیت، اسلحہ، گاڑیاں اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس ویلفیئر پیکیج کو دوگنا کر دیا گیا ہے، اور جزا و سزا کے نظام کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔آئی جی نے کہا کہ بلوچستان کے امن کے لیے ہمیں متحد ہو کر کام کرنا ہے، ہمارا دشمن مکار ہے، لیکن ہماری یکجہتی اور فرض شناسی اسے ناکام بنائے گی۔?ئی جی کے اس دورے کو لورالائی ڈویڑن میں پولیس اصلاحات، فلاح و بہبود، اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔