جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2026 کے لیے بیچلرز پروگرامز میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد،پہلے مرحلے میں 9341 امیدواروں کی شرکت

اتوار 12 اکتوبر 2025 17:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) جامعہ سندھ جامشورو میں اکیڈمک سیشن 2026 کے لیے بیچلرز ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے سلسلے میں پری انٹری ٹیسٹ اتوار کے روز منعقد کیا گیا جس میں 9341 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 1801 طالبات بھی شامل تھیں۔ پہلے مرحلے کے داخلہ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 22 ہزار درخواست گزاروں میں سے 9341 امیدواروں کے لیے لیا گیا، جبکہ داخلوں کے لیے 11 ہزار نشستیں مختص ہیں۔

امیدواروں کا تعلق سندھ کے 14 اضلاع دادو، گھوٹکی، جیکب آباد، کراچی، کشمور-کندھ کوٹ، خیرپور، لاڑکانہ، مٹیاری، نوشہروفیروز، قمبر-شہدادکوٹ، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، شکارپور اور سکھر کے علاوہ دیگر صوبوں سے تھا۔ جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے ٹیسٹ کے عمل کا جائزہ لیا اور ذاتی طور پر نگرانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیسٹ کے لیے مختلف کمیٹیوں کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال امیدواروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ طلبہ اور والدین جامعہ سندھ کے تعلیمی معیار پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ وی سی ڈاکٹر مری نے کہا کہ جامعہ سندھ ہمیشہ میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کو ترجیح دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پری انٹری ٹیسٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہر امیدوار کا انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر ہو۔

اس سے قبل وائس چانسلر نے دیگر افسران کے ساتھ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ٹیم نے ٹیسٹ مراکز، سکیورٹی انتظامات، پارکنگ سہولیات اور رضاکاروں کی ڈیوٹیوں کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ امیدواروں کو تمام سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :