وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، وزیر اعظم کی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت

اتوار 12 اکتوبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہاں اتوار کو ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی داخلی سلامتی، امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور سیکیورٹی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور وزارت داخلہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔