موجودہ غلہ منڈی کسی پرائیویٹ منڈی میں شفٹ نہیںہو رہی،رانا ثنا ء اللہ خاں

غلہ منڈی کے تاجر ذہنی سکون کے ساتھ اپنا کاروبار کریں، کوئی سرکاری ادارہ یا افسر تاجروں کو بلا جواز تنگ نہیں کرے گا سابق ایم اپی اے شیخ اعجاز احمد کی سر براہی میں غلہ منڈی کے آڑھتیوں کے وفد کی وفاقی وزیر بین الصوبائی امورسے خصوصی ملاقات

پیر 13 اکتوبر 2025 11:10

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے ایک وفد نے شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے کی سربراہی میں وفاقی وزیر بین الصوبائی امور،سینیٹر رانا ثنا ء اللہ خاں (تمغہ امتیاز)سے سے خصوصی ملاقات کی۔وفد میں چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں،وائس چیئر مین شیخ محسن خالد،حاجی فضل الہیٰ،رانا شفاق بھولا،رانا علی ریاض،محمد امین شہزاد، شیخ حسن سابق چیئر مین پائما،سابق سینئر نائب صدر ایف سی سی آئی شیخ قیصر شمس گچھا اور دیگر بھی شامل تھے۔

چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں اور وائس چیئر مین شیخ محسن خالد نے تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے رانا ثاء اللہ خاں کو بتایا کہ سابق ایم پی اے مہر حامد رشید وغیرہ نے پرائیویٹ غلہ منڈی کو سرکاری غلہ منڈی کا تاثر دے کر تاجروں کو زبردستی اور ڈرا دھمکا کر اپنی پرائیویٹ غلہ منڈی میں شفٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

تجاوزات ی آڑ میں تاجروں کو بلا جواز نوٹس دے کر دکانیں گرانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور دکانداروں کو یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ موجودہ غلہ منڈی کو شہر سے باہر شفٹ کر دیا جائے گا۔

اس لئے آپ لوگ ابھی سے ہماری پرائیویٹ غلہ منڈی میں خریداری کر لیں۔مختلف یو ٹیوب چینل اور سوشل میڈیا پر کمپین چلائی جا رہی ہے کہ غلہ منڈی میں بے پناہ مسائل ہیں،ٹریفک کا نظام بری طرح خراب ہے،سیوریج سسٹم ناکارہ ہے وغیرہ وغیرہ۔حالانکہ زمینی حقائق اس کے بالکل بر عکس ہیں۔غلہ منڈی کے تاجر پر سکون ماحول میں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شہر کی غلہ منڈی بائونڈری وال کے اندر ہے جس میں شہر کی ٹریفک کا کوئی ایشو نہیں۔مارکیٹ کمیٹی کے تعاون سے منڈی میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام ہو چکے ہیں پچھلے سال 4کروڑ20لاکھ روپے کا بجٹ تھا جبکہ اس سال 2کروڑ 21لاکھ روپے کی لاگت سے نئی سڑکیں بھی بن رہی ہیں اور سیوریج سسٹم بھی نیاڈال دیا گیا ہے۔ان کے منفی پراپیگنڈا کی وجہ سے دکاندار بہت پریشان ہیں۔

تقریباً ڈیڑھ سو کے قریب آپ کے حلقہ انتخاب کے لوگ ہیں اور باقی پورے شہر سے اپنا کاروبار کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی امور،سینیٹر رانا ثنا ء اللہ خاںنے تاجروں کی تمام باتیں سننے کے بعد ان کو مخاطب کر کے کہا کہ انشا ء اللہ تعالیٰ آپ لو گ اسی جگہ اور اسی غلہ منڈی میں اپنا کام کریں گے۔مہر حامد رشید برادران ہمارے ساتھی ہیں وہ اپنا کاروبار ضرور کریں 2غلہ منڈیاں اور بنا لیں لیکن میں آپ کو یہ یقین دہانی کرواتا ہوں کہ حکومت پنجاب کو موجودہ غلہ منڈی کو شہر سے باہر شفٹ کر نے کا کوئی پروگرام نہیں ہے اور نہ ہی یہ تاثر درست ہے کہ سرکاری غلہ منڈی کسی پرائیویٹ غلہ منڈی میں شفٹ کی جا رہی ہے۔

کوئی ادارہ یا سرکاری ملازم آپ کو تنگ کرے آپ مجھے بتائیں یا شیخ اعجاز احمد کے نوٹس میں لائیں یہ مجھے بتائیں انشا ء اللہ اس کا فوری سد باب کیا جائے گا۔غلہ منڈی کے آڑھتی میرے لئے قابل احترام ہیں آج کے بعد پورے ذہنی سکون اور تسلی کے ساتھ اپنا کاروبار کریں۔آڑھتیوں کے وفد نے آخر پر اہم ترین مسئلہ حل کرنے اور اپنے تاجر بھائیوں کا ہر طرح سے تحفظ کرنے اور ساتھ دینے پر رانا ثنا ء اللہ خاں کا شکریہ ادا کیا۔

انہیں سینیٹر بننے پر مبارکباد بھی پیش کی۔رانا ثناء اللہ خاں نے اسی وقت ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو فون کیا کہ غلہ منڈی کے تاجروں کا وفد آپ سے ملاقات کرے گا ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں آج کے بعد ان کے ساتھ کسی بھی محکمہ کی طرف سے کوئی زور زبردستی اور زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔