دہلی کرائم سیزن 3 کی ریلیز کے حوالے سے پیشرفت

دہلی کرائم سیزن 3 نومبر کے وسط میں نیٹ فلکس انڈیا پر پریمیئر کیا جائے گا

پیر 13 اکتوبر 2025 11:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) جرائم پر مبنی مشہور بھارتی ویب سیریز دہلی کرائم کے سیزن 3 کی ریلیز کے حوالے سے پیشرفت سامنے آگئی۔انڈین میڈیا کے مطابق انٹرٹینمنٹ سے جڑے بھارتی صحافی راہل روت نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹویٹ کے ذریعے دہلی کرائم کے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کیا۔راہل روت نے اپنی ٹوئٹ میں اشارہ دیا کہ دہلی کرائم سیزن 3 نومبر کے وسط میں نیٹ فلکس انڈیا پر پریمیئر کیا جائے گا۔

یہ سیزن 2012 کے بیبی فلک کیس پر مبنی ہوگا جس میں بالی وڈ اداکارہ ہما قریشی بھی نظر آئیں گی۔تیسرے سیزن کا باضابطہ اعلان فروری میں کیا گیا تھا جس میں ڈی آئی جی ورتیکا چترویدی(شفالی شاہ)اور ان کی ٹیم نیتی (راسیکا دوگل)اور بھوپی کی کہانی کو آگے بڑھایا گیا جب وہ ایک بڑے پیمانے پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سیزن ایک لاپتا بچے کی تفتیش کے گرد گھومے گا جو ہما قریشی کے کردار(مینا)کی سربراہی میں ایک بے رحم اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کرتا ہے۔

نیٹ فلکس کے مطابق جب ایک زخمی بچے کی لاپتا ماں کی تلاش ایک بڑے پیمانے پر انسانی اسمگلنگ کے آپریشن کو بے نقاب کرتی ہے تو ڈی آئی جی ورتیکا چترویدی کو اپنے کیریئر کے سب سے مشکل کیس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بے رحم اسمگلر مینا کے مقابلے میں ورتیکا اور ان کی ٹیم کو ایک زنجیر پر عمل کرنا پڑتا ہے، جو انہیں ہندوستان کی سرحدوں سے باہر پھیلے ایک وسیع اسمگلنگ نیٹ ورک تک لے جاتی ہے۔

جیسے جیسے تفتیش شدت پکڑتی ہے خطرات بڑھتے ہیں اور یہ کیس میڈم سر کیلئے ایک فیصلہ کن لمحہ بن جاتا ہے۔اگرچہ نیٹ فلکس نے ابھی تک ریلیز کی تاریخ کی تصدیق نہیں کی لیکن نومبر کے وسط کی قیاس آرائی نے آن لائن جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔مداح اس مشہور کرائم ڈرامے کی واپسی کے منتظر ہیں اور ایک شدید اور جذباتی طور پر پکڑنے والے سیزن کی توقعات بلند ہیں۔