بریسٹ کینسر کی تاخیر سے تشخیص خواتین کی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ ہے،سینیٹرشیری رحمان

پیر 13 اکتوبر 2025 13:13

بریسٹ کینسر کی تاخیر سے تشخیص خواتین کی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ ہے،سینیٹرشیری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کی تاخیر سے تشخیص خواتین کی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ ہے،جلد تشخیص والے ممالک میں 90 فیصد سے زائد خواتین صحت یاب ہو جاتی ہیں۔پیرکوپی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے حوالے سے اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ بریسٹ کینسر پاکستانی خواتین میں سب سے عام مرض بن چکا ہے، ہر نو میں سے ایک پاکستانی خاتون کو زندگی میں بریسٹ کینسر کا خطرہ ہے، پاکستان میں روزانہ سو سے زائد خواتین بریسٹ کینسر سے جاں بحق ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بریسٹ کینسر کی تاخیر سے تشخیص خواتین کی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ ہے، بریسٹ کینسر پاکستانی خواتین میں نسبتاً کم عمری میں ظاہر ہوتا ہے، شرم و حیا کے غلط تصورات خواتین کو علاج سے روکتے ہیں۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور کافی نہیں، عملی اقدامات ناگزیر ہیں، علامتی اقدامات سے آگے بڑھ کر حقیقی طبی سہولیات دینا ہوں گی، جلد تشخیص والے ممالک میں 90 فیصد سے زائد خواتین صحت یاب ہو جاتی ہیں، ہم بھی بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں اگر سکریننگ اور علاج کی سہولیات عام ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنک ربن سے آگے بڑھ کر قومی سطح پر مشترکہ اقدام کی ضرورت ہے، یہ محض اعدادوشمار کا معاملہ نہیں بلکہ اس مرض سے حقیقت میں انسانی زندگیاں اور خاندان متاثر ہو رہے ہیں، بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں سب کو مل کر عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔