وقت آگیا ہے کہ معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کا سبق پڑھانا بند ہونا چاہیئے، وزیردفاع

وطن عزیز میں مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانا، سڑکیں بند کرکے عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں دنیا و آخرت سنواریں؛ خواجہ آصف کا پیغام

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 اکتوبر 2025 13:58

وقت آگیا ہے کہ معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کا سبق پڑھانا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے وقت آگیا ہے کہ معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کا سبق پڑھانا بند ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانے، سڑکیں بند کرکے عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے، دو سال غزہ میں ظلم اور خون کی ہولی کھیلی گئی کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، جب وہاں جنگ بندی ہوگئی تو احتجاج شروع ہو گیا، وقت آگیا ہے کہ ہمارے معاشرہ کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کاسبق پڑھانا بند ہونا چاہیئے، ہمارا دین قرآن و سنت سب بھائی چارہ پیار محبت کے پیامبر ہیں، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں دنیا و آخرت سنواریں۔

قبل ازیں صوبہ پنجاب کے علاقہ مریدکے میں تحریک لبیک کے احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے پولیس نے آپریشن کیا، یہ آپریشن پانچ گھنٹے تک جاری رہا، جس کے بعد مارچ کے پڑاؤ کی جگہ مختلف مقامات پر لگنے والی آگ کو بجھایا جارہا ہے جب کہ آپریشن کے دوران مذہبی جماعت کے سربراہ سعد رضوی کو بھی گولی لگنے کی اطلاع سوشل میڈیا اور پارٹی ترجمان کی طرف سے موصول ہوئی جب کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کی کارروائی کے دوران ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے مظاہرین کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران ایس ایچ او انسپیکٹر شہزاد نواز جھمٹ پیٹ میں گولی لگنے کے باعث جاں بحق ہوئے، اسی طرح کانسٹیبل ذاکر حسین دورانِ ڈیوٹی شر پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے وہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوگئے، علاوہ ازیں آپریشن میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے، شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کو لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

معلوم ہوا ہے لاہور میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے جہاں مذہبی جماعت کی جانب سے آپریشن کے خلاف احتجاج کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا گیا، لاہور کے مختلف علاقوں میں راستے بند کردیئے گئے، کرول گھاٹی رنگ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، شنگھائی پل، چنگی امرسدھو دونوں جانب سے بند ہیں، ٹھوکر نیاز بیگ بابو صابو کی جانب ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، احتجاج کے باعث اسکیم موڑ بھی یتیم خانہ چوک کی جانب بند کردیا گیا۔