Live Updates

فعال وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آئینی اور قانونی طور پر ممکن نہیں، اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا اسمبلی

پیر 13 اکتوبر 2025 15:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، اور ایک فعال وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آئینی اور قانونی طور پر ممکن نہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ ‘‘یہ عمل غیر آئینی ہے، اور ہم اس کا حصہ نہیں بن سکتے ۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور دو مرتبہ استعفیٰ دے چکے ہیں، تاہم جب تک استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور نہیں ہوتا اور کابینہ ڈی نوٹیفائی نہیں ہوتی، نیا انتخاب غیر قانونی تصور ہوگا۔واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ اعتراض لگا کر واپس کردیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر کی جانب سے جاری خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علی امین گنڈا پور کے نام سے جمع کرائے گئے دونوں استعفوں پر دستخط مختلف اور غیرمشابہ ہیں، اس لیے ان کی تصدیق ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے گورنر نے علی امین گنڈا پور کو 15 اکتوبر دوپہر تین بجے گورنر ہاؤس طلب کیا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے میں آئینی اور جمہوری عمل کو شفاف رکھنے کے لیے استعفے کی باقاعدہ تصدیق ناگزیر ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات