سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سپر ٹیکس کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی

پیر 13 اکتوبر 2025 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سپر ٹیکس کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس سے متعلق مقدمے کی سماعت پیر کے روز ہوئی ، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران مختلف کمپنیوں کے وکیل فروغ نسیم نے اپنے دلائل پیش کیے۔

اس موقع پر بنچ کے جج صاحبان نے بھی مختلف نکات پر قانونی سوالات اٹھائے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ این ایف سی میں سیلز ٹیکس کے علاوہ بھی دیگر ٹیکسز لگ سکتے ہیں۔ اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آخری تاریخ کے بعد کوئی نیا ٹیکس نافذ نہیں کیا جا سکتا۔ وکیل فروغ نسیم نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ وقت گزرنے کے بعد ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ آج تک یہ معاملہ واضح کیوں نہیں ہوسکا؟ انہوں نے کہا کہ ہر بار یہ مسئلہ زیر بحث لایا جاتا ہے، لیکن کوئی حتمی وضاحت سامنے نہیں آتی۔وکیل فروغ نسیم نے اس موقع پر اسد اللہ خان غالب کا ایک واقعہ سنایاکہ ایک مرتبہ کسی نے ان سے پوچھا کہ کا اور کی میں کیا فرق ہے تو غالب نے برجستہ جواب دیا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے جیسے چاہیں استعمال میں لائیں ۔

وکیل فروغ نسیم نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ایک مقدمے میں یکم جولائی 2023 سے نافذ کیے گئے ٹیکس کو کالعدم قرار دیا تھا، اور عدالت نے 10 فیصد کے بجائے 4 فیصد ٹیکس لاگو کرنے کا حکم دیا تھا۔سماعت کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل اور فروغ نسیم کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ جسٹس مندوخیل نے مسکراتے ہوئے کہا،“آپ کو مکھن لگا دیتا ہوں کہ آپ اچھے دلائل دے رہے ہیں۔

”اس پر فروغ نسیم نے برجستہ جواب دیا،“میں بھی مکھن لگا دیتا ہوں، اس طرح کی عمدہ سماعت آج تک نہیں دیکھی۔” بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ججز پر بہت دباؤ ہوتا ہے۔ وکیل فروغ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی جج کو یہ اختیار نہیں کہ وہ کسی وکیل کی بے عزتی کرے۔اس پر جسٹس امین الدین خان نے ان کی تائید کی اور کہاکہ دوران سماعت صبر و تحمل کا مظاہرہ ضروری ہے،فروغ نسیم نے کہا کہ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔وکیل حافظ احسان کھوکھر نے بھی کہا کہ وکلا چاہتے ہیں کہ ان کے دلائل کو عزت اور صبر کے ساتھ سنا جائے۔بعدازاں آئینی بنچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔