ڈپٹی کمشنرلاہور کا تحصیل کینٹ کا دورہ ،صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 13 اکتوبر 2025 17:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے سرگرم ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تحصیل کینٹ کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں صفائی، انسداد تجاوزات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر بلدیہ عظمی لاہور اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران بھی ہمراہ تھے۔

ڈی سی لاہور نے علامہ اقبال روڈ اور دھرم پورہ میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ فاطمہ ارشد نے فیلڈ سرگرمیوں پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈی سی لاہور نے صفائی انتظامات، انسداد تجاوزات، پیچ ورک، سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ میونسپل سروسز میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور کو صاف ستھرا بنانا ہمارا مشترکہ مشن ہے۔انہوں نے کہ ستھرا پنجاب مہم کی کامیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 0307-0002345 اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایات درج کروانے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔