میرے دور کے منصوبوں کا کریڈٹ لینا افسوسناک ہے، مبین خان

پیر 13 اکتوبر 2025 23:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) سابق صوبائی وزیر معدنیات مبین خان نے کہا ہے کہ میرے دورِ وزارت میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا کریڈٹ لینا افسوسناک اور غیر اخلاقی عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ خلہ میں ڈیم کی بنیاد میرے دور میں رکھی گئی تھی، اٴْس وقت موجودہ ایم پی اے زرک خان مندوخیل سرکاری ملازمت کر رہے تھے۔

مبین خان نے کہا کہ سیاستدانوں کو اخلاقی روایات کا پاسدار ہونا چاہیے، مگر افسوس کہ مذکورہ ایم پی اے کے طرزِ عمل سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ سیاست کے بجائے "ہیرا پھیری" میں زیادہ مہارت رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کلی ناصر ان میں 2022 کے سیلاب کے پیش نظر حفاظتی دیوار بھی ان کی نگرانی میں تعمیر کروائی گئی، لیکن اب انہی منصوبوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی جا رہی ہے جو عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر نے الزام عائد کیا کہ موجودہ ایم پی اے کوئٹہ کے ترقیاتی فنڈز ڑوب منتقل کر رہے ہیں، جس سے کوئٹہ کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام باشعور ہیں اور وقت آنے پر ایسے طرزِ عمل کا جواب ووٹ کی طاقت سے دیں گے۔آخر میں مبین خان نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوامی مفاد کیلئے سرگرم رہے ہیں اور کوئٹہ کی ترقی و عوامی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔