ہزارہ موٹروے کی بحالی و مرمت کے عمل کو تیز کیا جائے، کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی ہدایت

پیر 13 اکتوبر 2025 19:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ہزارہ موٹروے کی بحالی و مرمت اور معزز پشاور ہائی کورٹ پشاور کے احکامات کی تعمیل کے حوالے سے اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ کمشنر ہزارہ تر جمان کے مطابق اجلاس میں جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (سی پیک برہان) نے موٹروے کے مختلف حصوں میں جاری مرمتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جنرل منیجر نے بتایا کہ موٹروے کے پانچ اہم مقامات پر مرمتی کام جاری ہے، جن میں سے تین مقامات پر کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دو مقامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے کے بعض حصوں میں اب بھی نشست، دھنساؤ، بمپس اور گڑھوں کی شکایات موجود ہیں، جن کی فوری مرمت ضروری ہے تاکہ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ موٹروے کے تمام متاثرہ مقامات کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے اور جہاں کہیں سڑک خراب ہے وہاں فوری طور پر مرمتی کاکام مکمل کیا جائے۔ خاص طور پر ہزارہ موٹروے سے پشاور موٹروے کی سمت جانے والے حصوں میں خراب سڑک کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں کمشنر ہزارہ نے جنرل منیجر این ایچ اے کے ہمراہ موٹروے کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری کام معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، بمپس اور دھنساؤ ختم کیے جائیں اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران عوام کی حفاظت کے تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام مرمتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور موٹروے پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر امور کو مؤثر طور پر نمٹایا جائے۔کمشنر ہزارہ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ موٹروے پولیس کو لوڈ شدہ گاڑیوں کی جانچ پڑتال قانون کے مطابق کرنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ زیادہ وزن اٹھانے والی گاڑیاں سڑکوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔