ایران کا غزہ امن کانفرنس میں شرکت سے انکار

پیر 13 اکتوبر 2025 20:02

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہاکہ ایران اپنے عوام پر حملہ کرنے اور دھمکیاں دینے والے ممالک کے ساتھ ایک میز پر نہیں بیٹھ سکتا۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا، تاہم ایرانی صدر اور وزیرِ خارجہ دونوں نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ‘‘ہم ان لوگوں سے بات چیت نہیں کر سکتے جنہوں نے ایرانی عوام پر حملے کیے، ہمیں پابندیوں اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا۔’’یاد رہے کہ رواں سال جون میں اسرائیل نے ایران کے میزائل ذخائر اور لانچنگ سائٹس پر حملے کیے تھے، جس کے جواب میں ایران نے وسطی اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جبکہ امریکہ نے بھی تہران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔غزہ میں جاری جنگ بندی کے حوالے سے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ہر اس اقدام کی حمایت کرتا ہے جو اسرائیلی جارحیت ختم کرنے اور غزہ سے قابض افواج کے انخلا کو یقینی بنائے۔انہوں نے زور دیا کہ ایران خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم اور مؤثر طاقت ہے اور ہمیشہ رہے گا۔