امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 26 اکتوبر کو ملائیشیا کا دورہ کریں گے

منگل 14 اکتوبر 2025 17:11

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 26 اکتوبر کو ملائیشیا کا دورہ کریں گے
کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن نے کہا ہے کہ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 26 اکتوبر کو ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان مستقل جنگ بندی معاہدے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ رائٹرز کے مطابق انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا اور امریکا تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کے عمل میں سہولت کاری کریں گے جس کے تحت دونوں ممالک کو اپنی سرحدوں سے تمام بارودی سرنگیں اور بھاری ہتھیار ہٹانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط ملائیشیا کے دارالحکومت کولالمپور میں26 سے 28 اکتوبر تک ہونے والے آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے کی امید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آسیان سربراہی اجلاس کے دوران ان دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک اعلامیے پر دستخط ہوں گے، جسے’’ کوالالمپور معاہدہ‘‘ کہا جائے گا تاکہ امن اور مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 817 کلومیٹر (508 میل) طویل زمینی سرحد پر غیر حدبند شدہ مقامات کے حوالے سے کشیدگی جولائی میں پانچ روزہ جھڑپ میں تبدیل ہوگئی۔ گزشتہ ایک دہائی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی اس بدترین لڑائی میں 48 افراد ہلاک ہوئےجبکہ دونوں جانب سے لاکھوں افراد عارضی طور پر بے گھر ہو گئے۔