راولپنڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہریوں پر کوڑا ٹیکس نافذ کردیا

چھوٹے گھروں پر 500 روپے اور دکانوں پر 1100 روپے ماہانہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے،ذرائع

منگل 14 اکتوبر 2025 13:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) راولپنڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہریوں، تاجروں اور دکانداروں پر کوڑا ٹیکس نافذ کر دیا ہے۔کمپنی کی جانب سے گھروں، دکانوں، پلازوں اور کوڑھی مالکان کو 500 سے 5 ہزار روپے تک کے بل تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق کوڑا ٹیکس یکم ستمبر سے لاگو کیا گیا، جبکہ اکتوبر میں وصولی کے لیے بل بھیجنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

چھوٹے گھروں پر 500 روپے ماہانہ اور دکانوں پر 1100 روپے ماہانہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکس کے نفاذ پر شہریوں اور دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوڑا ٹیکس کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انجمن تاجراں کمرشل مارکیٹ کا کہنا ہے کہ‘‘صفائی کا نظام بہتر نہیں، شہر فلتھ ڈپو بنا ہوا ہے، ایسے میں ٹیکس نہیں دیں گے۔’’دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے تاجر قائدین نے بھی دکانداروں کے سامنے بے بسی ظاہر کر دی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ جو ٹیکس ادا نہیں کرے گا اس کے خلاف چالان اور بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔ تاجروں نے کوڑا ٹیکس کے بل عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔