آزاد کشمیر کے دارالحکومت کی سڑکوں، فٹ پاتھوں پر سے غیر قانونی تجاوزات رانگ پارکنگ کا خاتمہ نہ کیا جا سکا

منگل 14 اکتوبر 2025 15:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) آزاد کشمیر کے دارالحکومت کی سڑکوں، فٹ پاتھوں پر سے غیر قانونی تجاوزات رانگ پارکنگ کا خاتمہ نہ کیا جا سکا۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی کے دفتر کی ناک تلے اولڈ سیکرٹریٹ کا علاقہ سب پر بازی لے گیا، رہتی کسر سیکرٹیریٹ کے اندر فٹ پاتھوں پر بے ہنگم ٹریفک اور پارکنگ نے پوری کر دی۔

راہ گیروں کا چلنا ناممکن ہو کر رہ گیا جبکہ آئے روز حادثات میں بھی اضافہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

جموں کشمیر عوامی جائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے لاک ڈاؤن اور مظاہروں کے بعد تو قانون نام کی چیز ہی شہر میں نہیں رہی، چوکوں چوراہوں اور مین شاہرات سے ٹریفک پولیس و دیگر ادارے مکمل طور پر غائب جبکہ مخصوص علاقوں میں بھی ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کے ملازمین سول کپڑوں میں دکھائی دینے لگے۔ شہر اقتدار میں عملاً قانون غائب ہو گیا۔ جنگل کے قانون کو دیکھتے ہوئے سول سوسائٹی کا کہنا تھا کہ یا تو حکومت یا پھر جموں کشمیر عوامی جائنٹ ایکشن کمیٹی ریاست کا نظم و نسق سنبھال لے تاکہ عام لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔