ڈیرہ مراد جمالی ،ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں فوری طور پر ڈائریا وارڈ قائم کر دیا گیا ہے،ڈی ایچ او نصیراباد

منگل 14 اکتوبر 2025 15:07

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ڈیرہ مراد جمالی سٹی کے مختلف وارڈز، خصوصاً گولہ محلہ اور ابڑو محلہ میں گزشتہ چند روز کے دوران ڈائریا کے متعدد کیسز رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ صحت محترک ہوگیا ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں فوری طور پر ڈائریا وارڈ قائم کر دیا گیا ہےجہاں متاثرہ بچوں کا علاج و معالجہ جاری ہے جبکہ محکمہ صحت نصیرآباد کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں سے درجنوں بچوں کے سیمپل حاصل کیے جنہیں لیبارٹری بھیجا گیا۔

ابتدائی رپورٹوں کے مطابق کچھ کیسز میں کالرہ (Cholera) پازیٹو آنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریا اور کالرہ کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ صاف پانی استعمال کریں، کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر رکھیں، اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔

محکمہ صحت نصیرآباد نے صحت و صفائی سے متعلق آگاہی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اورمحکمہ صحت کی ٹیمیں مختلف محلوں اور اسکولوں میں سیشن منعقد کر رہی ہیں جن میں عوام کو دست، کالرہ اور دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی نے کہا کہ محکمہ صحت کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں، متاثرہ علاقوں میں کلورین ملے پانی کی فراہمی اور صفائی کے اقدامات بھی جاری ہیں تاکہ بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پینے کے پانی کو ابال کر استعمال کریں، بچوں کو گھر سے باہر غیر معیاری اشیاء کھانے سے روکیں، اور کسی بھی ڈائریا کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہیلتھ سینٹر یا ڈی ایچ کیو ہسپتال سے رجوع کریں۔\378

متعلقہ عنوان :