کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل و ضلعی سطح کے انتظامی اور ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس

منگل 14 اکتوبر 2025 16:31

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل و ضلعی سطح کے انتظامی اور ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی ، ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈائریکٹر زراعت ، ڈپٹی ڈائریکٹرخوراک، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب آب پاک اتھارٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے علیحدہ علیحدہ بریفنگ دیتے ہوئے انتظامی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور الیکڑک بسوں کے انتظامات، گندم سمگلنگ کی روک تھام، شہر کی خوبصورتی و تزئین و آرائش کے منصوبے، گندم کی بوائی کا ہدف، صفائی کی صورتحال ، پبلک ہیلتھ اور فوڈ مینجمنٹ کے امور کا جائزہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

کمشنر سرگودہا ڈویژن نے کہا کہ تمام اضلاع میں عوامی فلاح سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کیے جائیں اور کسانوں کو بوائی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہروں میں صفائی، تزئین و آرائش اور پبلک ہیلتھ کے حوالے سے تمام محکمے باہمی تعاون سے مؤثر حکمتِ عملی اپنائیں تاکہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے دائرہ کار میں کارکردگی کو مزید بہتر بنائے اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔