ملتان میں نئے گھریلو کنکشنز کا اجرا ، روزانہ کی بنیاد پر میٹرز کی تنصیب جاری

منگل 14 اکتوبر 2025 17:04

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) عوامی سہولت اور گھریلو صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے نئے گھریلو گیس کنکشنز کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ ترجمان سوئی گیس محمد جمیل شاہین کے مطابق ملتان سمیت ریجن بھر میں نئے کنکشنز کے اجرا اور پرانے ڈیمانڈ نوٹس رکھنے والے صارفین کو گیس فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ جن صارفین نے پابندی سے قبل ڈیمانڈ نوٹس یا فوری فیس جمع کروائی تھی، وہ اب 15 ہزار 500 روپے اضافی جمع کروا کر اپنا کنکشن حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 10 مرلہ تک کے گھروں کے نئےکنکشن کی فیس 21 ہزار 500 روپے رکھی گئی ہے، جس میں 20 ہزار روپے قابلِ واپسی سکیورٹی اور 15 سو روپے سروس لائن چارجز شامل ہیں جبکہ ارجنٹ کنکشن کے خواہشمند صارفین کو 25 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گےاور 10 مرلہ سے زائد کے مکانات کے لیے 3 ہزار روپے سروس چارجز وصول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محمد جمیل شاہین نے مزید بتایا کہ ملتان ریجن میں ارجنٹ کنکشنز کا کوٹہ 27 ہزار رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری فوری طور پر سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کے مطابق اب تک 100 سے زائد گھریلو صارفین کو گیس میٹرز نصب کر کے فراہم کیے جا چکے ہیں اور مزید کنکشنز کی تنصیب روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے کنکشن کے لیے شناختی کارڈ، بجلی کا بل، زمین کے کاغذات اور ہمسائے کے گیس بل کی کاپی لازمی ہے جبکہ اس بات کی بھی تصدیق ضروری ہے کہ مطلوبہ مقام پر سوئی گیس کی لائن موجود ہو۔ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ تمام تفصیلات اور رہنمائی کے لیے سوئی گیس کسٹمر کیئر آفس سے رجوع بھی کرسکتےہیں، جہاں صارفین کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :