ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ کی زیر صدارت ایم ڈی کیٹ 2025 کے انتظامات سے متعلق اجلاس

منگل 14 اکتوبر 2025 17:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ صباء اصغر علی کی زیر صدارت ایم ڈی کیٹ 2025 کے انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ 2025 بروز اتوار26 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوگا۔ امتحان کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کی زیر صدارت ضلعی سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران امتحان کے لیے کیے جانے والے انتظامات، سیکورٹی، ٹریفک کنٹرول، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، طبی سہولیات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیالکوٹ میں امتحان کا واحد مرکز گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کچہری روڈ ہوگا، جہاں کل 2087 امیدوار امتحان دیں گے جن میں 375 مرد اور 1712 خواتین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امتحان کے روز دفعہ 144 نافذ کی جائے گی تاکہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہو، جبکہ پولیس کی اضافی نفری امتحانی مرکز کے اندر اور باہر تعینات کر کے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

مزید برآں، ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی کہ امتحانی دن ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع پلان ترتیب دے۔ امتحانی مرکز پر دو ایمبولینسز، ایک مرد و ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف تعینات کیا جائے گا۔امتحان کے روز امیدواروں کی سہولت کے لیے نادرا کی موبائل وینز بھی تعینات کی جائیں گی تاکہ بائیومیٹرک تصدیق میں آسانی ہو۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان ایک اہم قومی ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دیں تاکہ امتحان پر امن، شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہوسکے۔