کمشنر سرگودہا کا اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ، سائلین سے ملاقات، شفافیت اور عوامی سہولت پر زور

منگل 14 اکتوبر 2025 22:23

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے منگل کو اراضی ریکارڈ سنٹر سرگودھا کا اچانک دورہ کیا ، سائلین سے ملاقات کی اور متعلقہ سٹاف کو شفافیت اور عوامی سہولت پر زوردیا۔ اُنہوں نے مختلف کائونٹرز پر شہریوں سے ملاقات کی اور سروس ڈلیوری کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے سائلین سے فراہم کی جانے والی سہولیات، عملے کے رویے اور خدمات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انچارج مرکز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنٹر پر روزانہ اوسطاً تین سو کے قریب سائلین کو ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں۔ عملہ اوقات کار کے بعد بھی فرائض انجام دیتا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اتوار کے روز بھی سروس فراہم کی جاتی ہے۔ کمشنر سرگودہا نے صفائی، نظم و ضبط اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی ریکاڑد سنٹر حکومت پنجاب کا اہم عوامی سہولت پروگرام ہیں جن کا مقصد شہریوں کو مختلف خدمات ایک ہی جگہ پر مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میرٹ پر مبنی شفاف نظام برقرار رکھا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ عوامی اطمینان اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے ایسے اچانک دورے آئندہ بھی جاری رہیں ۔