ڈائریکٹر جنرل بلوچستان چیریٹیز رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کا ڈپٹی کمشنر لورالائی کے ہمراہ ضلعی این جی اوز کیساتھ اجلاس

صوبے میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کو ضابطوں کی مکمل پاسداری کرنی ہوگی،میران بلوچ

منگل 14 اکتوبر 2025 18:43

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان چیریٹیز رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (BCRA) محمد سلیم کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کے ہمراہ ضلع لورالائی میں کام کرنے والی مختلف غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کا مقصد ضلعی سطح پر این جی اوز کے ساتھ مؤثر رابطہ، باہمی تعاون اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھااجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے شرکاء کو ایف اے ٹی ایف (FATF) اہداف سے متعلق آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام این جی اوز کو BCRA سے این او سی (NOC) حاصل کرنا لازمی ہے۔

اس کے علاوہ، ہر تنظیم کو اپنے منصوبوں کی پیش رفت کی رپورٹ ہر تین ماہ بعد جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ڈائریکٹر جنرل سلیم کھوسہ نے واضح کیا کہ BCRA کے جاری کردہ تمام ہدایات اور نوٹیفکیشنز پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دوہری ملازمتوں (Dual Jobs) پر مکمل پابندی کا بھی اعادہ کیا اور تمام تنظیموں کو اس حوالے سے سختی سے ہدایت دی گئی۔ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے اجلاس میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کو ضابطوں کی مکمل پاسداری کرنی ہوگی۔

انہوں نے شفافیت، احتساب اور ضلعی انتظامیہ سے ہم آہنگی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ این جی اوز کی جانب سے بھرتیوں میں مقامی امیدواروں کو ترجیح دی جائے تاکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام این جی اوز اور متعلقہ ادارے ضلعی ترقی کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں گے اور قانونی و انتظامی تقاضوں کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :