افرادِ باہم معذوری کو باوقار شہری بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بہاولپور

منگل 14 اکتوبر 2025 19:18

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بہاولپور محمد طیب کی زیر صدارت ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے افرادِ باہم معذوری کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے افرادِ باہم معذوری کو معاشرے کا فعال اور باوقار شہری بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال محمد عزیر نے بطور سیکرٹری تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کمیٹی کی اسکروٹنی اور سفارشات کی روشنی میں 59 امدادی آلات افرادِ باہم معذوری کو فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاکہ ان کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کی جا سکے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ افرادِ باہم معذوری کی سرکاری و نجی عمارات تک باآسانی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اب تک 148 عمارات کا معائنہ کیا جا چکا ہے، جن میں سے 84 عمارات کو انتباہی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان عمارات کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیڑھیوں، ٹوائلٹس اور دیگر بنیادی سہولیات کو افرادِ باہم معذوری کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے لیے فوری عملی اقدامات کریں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی پروگرام”دھی رانی“ میں افرادِ باہم معذوری کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ وہ بھی اس شہر آفاق امدادی پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ضلع بہاولپور میں ”ہمت کارڈ“ اسکیم کے فیز ون اور فیز ٹو کے دوران مجموعی طور پر 2,494 کارڈز تقسیم کیے گئے، جبکہ فیز تھری کے تحت مزید 306 ہمت کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح افرادِ باہم معذوری میں 297 امدادی ڈیوائسز بھی تقسیم کی گئی ہیں۔ ڈس ایبیلٹی اسیسمنٹ بورڈ کی جانب سے اب تک 19,338 افرادِ باہم معذوری کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے۔ ان میں 2,321 بصارت سے محروم، 12,327 جسمانی طور پر معذور، 348 قوتِ سماعت سے محروم اور 1,633 دماغی معذوری کے شکار افراد شامل ہیں۔رجسٹرڈ افراد میں سے 6,952 افراد کو روزگار کے قابل قرار دیا گیا ہے، جبکہ 11,347 افراد کو کام کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔