چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان سید رفیع اللہ شاہ کا مچھ کا خصوصی دورہ ، محکمہ مائنز مچھ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا

منگل 14 اکتوبر 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان سید رفیع اللہ شاہ نے مچھ کا خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر انسپکٹر آف مائنز مچ قربان علی عمرانی نے انہیں محکمہ مائنز مچھ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کروایا اور جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ دورے کے دوران چیف انسپکٹر نے کول مائنز ورکرز کے لیے جاری جنرل الیکٹرک سے متعلق تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی۔

اس تربیت میں مختلف کول کمپنیوں کے 80 سے زائد کان کنوں نے حصہ لیا، جنہیں حادثات سے بچاؤ، حفاظتی تدابیر اور سیفٹی آلات کے درست استعمال کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس سیشن میں معاون مائنز انسپکٹر غلام قادر مری، الیکٹرک انسپکٹر محمد عارف عمرانی اور ریسکیو کرومین محمد حنیف ساتکزئی نے بھی فعال کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں چیف انسپکٹر سید رفیع اللہ شاہ نے کہا کہ تربیتی ورکشاپس نہ صرف کان کنوں کی استعدادِ کار میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے بھی نہایت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز حاصل کردہ تربیت کو اپنی کمپنیوں کے دیگر ساتھیوں تک منتقل کریں اور مالکان کو واضح پیغام دیں کہ بغیر حفاظتی پروٹوکول کے کوئی کول مائن چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف انسپکٹر اور انسپکٹر مچھ نے مقصود کول کمپنی اور مولابخش کول کمپنی کا فیلڈ معائنہ بھی کیا، جہاں حفاظتی سہولیات کی کمی پر دونوں مائنز کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

محکمہ مائنز بلوچستان نے واضح کیا کہ کان کنوں کی حفاظت اور سیفٹی پروٹوکول پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی نے چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان سید رفیع اللہ شاہ کو کان کنوں کی صحت و حفاظت سے متعلق منعقدہ تربیتی پروگرام کے اختتام پر اعزازی شیلڈ پیش کی۔