قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کی یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی فوری تنخواہوں کی ادائیگی کی ہدایت

منگل 14 اکتوبر 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی فوری تنخواہوں کی ادائیگی ، ای ڈی بی کو سندھ میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کو ایک سال کے لئے درآمدی اجازت نامہ اور مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا 16واں اجلاس منگل کو رکن قومی اسمبلی چیئرمین سید حفیظ الدین کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کنوینئر رومینہ خورشید عالم نے پیش کی جس پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ نکتہ سامنے آیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کو گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے سینکڑوں خاندان شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔

کمیٹی کی رائے میں یہ ناقابلِ قبول ہے کہ ملازمین کو ان کی جائز تنخواہوں سے اتنے طویل عرصے تک محروم رکھا گیا ہے۔ کمیٹی نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پانچ ماہ کی تمام واجب الادا تنخواہیں جاری کی جائیں۔ صوبہ سندھ میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنیوں کے معاملات پر تفصیلی غور و خوض کے بعدکمیٹی نے سفارش کی کہ ای ڈی بی متعلقہ کمپنی کو ایک سال کے لئے درآمدی اجازت نامہ اور مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹ جاری کرے۔ اجلاس میں کرن عمران ڈار، رومینہ خورشید عالم، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، ڈاکٹر ماہین رزاق بھٹو اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے ایڈیشنل سیکرٹری سمیت وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔