اسلامی یونیورسٹی میں تعلیمی قواعد و ضوابط پر تربیتی سیشنز کا انعقاد

منگل 14 اکتوبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے دفتر برائے پیشہ وارانہ تربیت نے شعبہ جاتی کوآرڈینیٹرز اور عملے کے لئے تعلیمی قواعد و ضوابط پر دو تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا۔تربیتی سیشنز کا مقصد شرکاء کی تعلیمی طریقہ کار سے آگاہی بڑھانا، ادارہ جاتی نظم و نسق کو مضبوط بنانا اور جامعہ کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔

سیشنز کی رہنمائی ڈاکٹر طارق سلطان (ڈپٹی ڈائریکٹر) اور نوشین سید (ایڈیشنل ڈائریکٹر) نے کی جنہوں نے موجودہ تعلیمی پالیسیوں، حالیہ ترامیم اور طریقہ کار میں تبدیلیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے دستاویزات اور رابطے میں ہونے والی عمومی غلطیوں کی نشاندہی بھی کی اور درستگی برقرار رکھنے کے لئے رہنمائی فراہم کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے سیشنز میں بھرپور شرکت کی، سوالات کئے اور اپنے شعبہ جات میں پیش آنے والے مسائل بیان کئے جن پر عملی حل تجویز کئے گئے۔

یہ تربیتی سیشنز کوآرڈینیٹرز کو تعلیمی معاملات جامعہ کے ضوابط کے مطابق بہتر طریقے سے چلانے کے قابل بنائیں گے۔ دفتر برائے پیشہ وارانہ تربیت نے مزید تربیتی پروگرامز کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا تاکہ تعلیمی نظم و نسق میں اعلیٰ معیار کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :