صدر اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی مرکزی لائبریری میں طلبہ سے ملاقات

منگل 14 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے مرکزی لائبریری میں طلبہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے طلبہ کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے مختلف اقدامات کا اعلان کیا۔ یہ ملاقات یونیورسٹی کے ہفتہ وار پروگرام کے تحت منعقد کی گئی جس کا مقصد طلبہ اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔

صدر کے مشیر برائے طلبہ امور ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر جامعہ نے اعلان کیا کہ طلبہ کے لئے علیحدہ علیحدہ مرد و خواتین کی طلبہ کونسل قائم کی جائے گی جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔ ان کونسلز میں طلبہ نمائندے شامل ہوں گے جو تعلیمی اور جامعہ سے متعلق امور پر تجاویز پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

طلبہ نے تعلیمی مسائل، ہاسٹل کی حالت، ٹرانسپورٹ اور کلاس روم کی سہولیات پر بات کی۔

صدر اسلامی یونیورسٹی نے یقین دلایا کہ تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ طلبہ نے نئے میل کیمپس لائبریری بلاک کو جلد کھولنے کا مطالبہ بھی کیا جس پر چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ذوالقرنین نے ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔ صدر آئی آئی یو آئی نے جلد لائبریری کے فعال ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ کھیلوں کی سہولیات، خصوصی طلبہ کے لئے کھیلوں کا وقت اور کیمپس میں آسان رسائی جیسے اہم نکات بھی زیر بحث آئے۔

انہوں نے معذور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور مساوی سہولیات کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ہاسٹل 1 سے 6 کی مرحلہ وار تزئین و آرائش، باتھ رومز اور میس ایریاز کی بہتری پر بھی اپڈیٹ دی اور صفائی کو تمام طلبہ کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔ غیر ملکی خصوصاً افغان طلبہ نے ویزا مسائل اٹھائے، جنہیں صدر نے متعلقہ حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔ آخر میں صدر نے نئے لائبریری بلاک اور کھیلوں کی سہولیات کا معائنہ بھی کیا اور سپورٹس آفیسر چوہدری محمد خالد سے ملاقات کی۔ یہ اقدام یونیورسٹی کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد طلبہ کی آواز سننا اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :