کوئٹہ کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے مانگی ڈیم کی تعمیر کاکام فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعطل کا شکار

منگل 14 اکتوبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) کوئٹہ کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے مانگی ڈیم کی تعمیر کاکام فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعطل کا شکار، چارارب روپے کے فنڈز ملنے کی صورت میں بھی یہ منصوبہ آئندہ سال جون تک مکمل ہوسکے گا ،وزیر اعلی بلوچستان نے مانگی ڈیم منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے رواں سال دسمبر کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان کے حکام نے بتایا کہ کوئٹہ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے محکمہ آب پاشی نے 2017 میں دس ارب روپے کی لاگت سے مانگی ڈیم کا منصوبہ شروع کیا گیا تاہم میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اس ڈیم کی لاگت 19ارب روپے تک پہنچ گئی ہے،محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حکام کے مطابق مانگی ڈیم کی تعمیر کا 84فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ،تاہم چار ارب کی فنڈز کی عدم دستیابی کی باعث کام تعطل کا شکار ہے،اگر فنڈز مل گئے تو یہ منصوبہ آئندہ سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ مانگی ڈیم کی تعمیر کے بعد کوئٹہ کو اس ڈیم سے 81 لاکھ گیلین پانی روزآنہ مل سکے گا جو شہر میں پانی کی 80فیصدضرورت کو پورا کرے گا۔