شیفیلڈ شیلڈ، شان ایبٹ نئے انجری سبسٹیٹیوشن قانون کے تحت میچ سے باہر ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:59

میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) آسٹریلیا کا فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ شیفیلڈ شیلڈ میں نیا قانون آزمائشی بنیادوں پر نافذ کر دیا گیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق نئے قانون کے تحت نیو سائوتھ ویلز کے فاسٹ بولر شان ایبٹ کو انجری کے باعث میچ سے باہر کر دیا گیا، اور وہ اس قانون کے تحت میچ سے باہر ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

33 سالہ فاسٹ بولر شان ایبٹ میچ کے پہلے دن جنگشن اوول، میلبورن میں وکٹ بچاتے ہوئے پیٹر ہینڈزکومب کے زور دار سیدھے شاٹ کو روکنے کی کوشش میں اپنے دائیاں ہاتھ کے زخمی کروا بیٹھے ۔ یہ واقعہ 43ویں اوور میں پیش آیا، جس کے بعد شان ایبٹ فوراً میدان سے باہر چلے گئے اور باقی اوور ریان ہیڈلی نے مکمل کیا۔نیوسائوتھ ویلز کی جانب سے فوری طور پر زخمی ہونے کی بنیاد پر کھلاڑی کی تبدیلی کی درخواست کی گئی، جسے میچ ریفری نے منظور کرتے ہوئے چارلی سٹوبو کو بطور متبادل شامل کرنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے 2025-26 شیفیلڈ شیلڈ کے ابتدائی پانچ راؤنڈز میں آزمائشی طور پر نیا قانون نافذ کیا ہے،جس کا مقصد آئی سی سی کو ممکنہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں یہی قانون لانے سے پہلے رائے دینا ہے۔نئے قانون کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی انجری کا شکار ہو، تو اسے مکمل طور پر کسی اور کھلاڑی سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل صرف کنکشن کی صورت میں ہی تبدیلی کی اجازت تھی۔

مزید برآں اگر ایک ٹیم انجری کے باعث کھلاڑی تبدیل کرتی ہے، تو دوسری ٹیم کو بھی یوم دوم کے اختتام سے قبل ایک بولر کو دوسرے سے تبدیل کرنے کا موقع ملتا ہے ، بشرطیکہ اس نے ابھی بولنگ نہ کی ہو۔ وکٹوریہ کی ٹیم میں ڈیوڈ موڈی بطور متبادل دستیاب ہیں، تاہم پہلے دن ان کے استعمال کا امکان کم ہے۔شان ایبٹ کو کم از کم 12 دن کرکٹ سے دور رہنا ہوگا، اور یہ مدت 17 اکتوبر سے شروع ہوگی۔

اگر ان کی صحت یابی بروقت مکمل ہو گئی، تو وہ 29 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کینبرا میں ہونے والے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں شرکت کر سکتے ہیں۔ تاہم اگر وہ ٹی20 سکواڈ میں شامل نہ ہوتے تو وہ 28 اکتوبر سے گابا میں کوئنزلینڈ کے خلاف نیو ساؤتھ ویلز کے اگلے شیفیلڈ شیلڈ میچ میں بھی حصہ نہیں لے سکتے۔شان ایبٹ نے میچ کے پہلے سیشن میں عمدہ بولنگ کی تھی اور ایک وکٹ حاصل کی، لیکن ہاتھ کی چوٹ نے ان کی شرکت ختم کر دی۔