پنجاب حکومت کا لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے،یہ کمیشن پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت قائم کیا جائے گا جسے اہم مالیاتی اختیارات حاصل ہوں گے۔ وزیر خزانہ پنجاب کمیشن کے چیئرمین ہوں گے جبکہ وزیر بلدیات کو چیئرمین کی غیر حاضری میں کو چیئرمین کے طور پر اجلاس کی صدارت کا اختیار ہوگا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کی مشاورت سے چھ ارکان اسمبلی کو کمیشن میں شامل کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ، بلدیات اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سیکرٹریز بھی اس کمیشن کا حصہ ہوں گے۔کمیشن میں مقامی حکومتوں اور مالیات کے چار ماہرین شامل کیے جائیں گے جن میں کم از کم ایک خاتون کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب مقامی حکومت سے ایک سربراہ کو نامزد کریں گے جو کمیشن میں شامل ہوگا۔

کمیشن ضرورت کے تحت کسی ماہر کو مشاورتی حیثیت میں شامل کر سکتا ہے تاہم مشاورتی رکن کو ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں ہوگا۔ کمیشن کے فیصلے کسی نشست کے خالی ہونے یا ساختی نقص کی بنیاد پر غیر موثر قرار نہیں دیے جا سکیں گے۔اراکین کو حکومت کی جانب سے مقررہ معاوضہ اور الائونسز دئیے جائیں گے جن میں مدت کے دوران کمی نہیں کی جا سکے گی۔کمیشن کو مالیاتی اختیارات تفویض کیے جائیں گے ہیں جن کے تحت وہ صوبائی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے فارمولے تیار کرے گا، مقامی حکومتوں کی آمدنی و اخراجات کا سالانہ جائزہ لے گا اور پنجاب حکومت کو مالیاتی سفارشات پیش کرے گا۔

کمیشن مقامی حکومتوں کے لیے فنانس ایوارڈ جاری کرے گا جس کے تحت فنڈز کی تقسیم کا فارمولا طے کیا جائے گا۔ بلدیاتی اداروں کے محصولات و ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے تجاویز دی جائیں گی اور مالیاتی شفافیت و نظم و ضبط کے فروغ کے لیے سفارشات پیش کی جائیں گی۔کمیشن مقامی حکومتوں کے ترقیاتی بجٹ کی نگرانی کرے گا اور بلدیاتی اداروں کے قرضوں اور گرانٹس پر اپنی رائے بھی دے گا۔