فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوننکانہ صاحب

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:16

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جبکہ موٹروے کے اطراف میں کاروائیوں کے لیے خصوصی سکواڈز 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ نے ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ برائے انسداد سموگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد عارف شہزاد ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رانا عنصر جمیل ، ٹرانسپورٹ، ماحولیات ، ٹریفک پولیس سمیت دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنے والے بھٹوں ، انڈسٹریز اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لئے شہریوں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے محکمہ ماحولیات و دیگر اداروں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ رائس ملز ، بھٹہ مالکان اور کاشتکاروں کو سموگ کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم جاری رکھیں اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کے خلاف بھر پور کاروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کوآلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول مہیا کیا جاسکے۔\378