لاہور کو پولیو فری بنانے کا مشن، ڈی سی فیلڈ میں متحرک

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر نگرانی انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز فیلڈ سرگرمیاں جاری رہیں۔ڈی سی لاہور نے نین سکھ اور سگیاں کے علاقوں کا دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی، ڈور مارکنگ اور موبائل ایپ ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر بلدیہ عظمی لاہور، اسسٹنٹ کمشنر راوی اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

مہم کے دوران5 سال سے کم عمر22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔فیلڈ ورکرز نے موبائل ایپلی کیشن کے موثر استعمال پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ مہم کی مانیٹرنگ اور شفافیت کےلئے ڈیجیٹل سسٹم کا استعمال جاری ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنایا جائے، کوئی بھی گھر ویکسین کے بغیر نہ رہنے پائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو سی ایم اوز انکاری والدین کو قائل کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی مریم نواز کا ویژن لاہور کو پولیو سے پاک بنانا ہے، ہم یہ ہدف ہر صورت حاصل کریں گے۔ڈی سی لاہور نے مہم میں شریک تمام ٹیموں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے، ویکسی نیشن ہی اس کا واحد موثر حل ہے۔ ہر بچے کا تحفظ ہماری اولین قومی ذمہ داری ہے۔ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر ادارے مہم کی کامیابی کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ فیلڈ ٹیمیں گھر، گھر جا کر بچوں کو ویکسین دینے کے عمل میں مصروف ہیں۔